حکومت نے کاشتکاروں کی فلاح کو اولین ایجنڈا بنا رکھا :معاون خصوصی وزیراعلیٰ فیصل آباد: معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ ملک کی خوشحالی کسان کی خوشحالی سے مشروط ہے ۔کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا اسی لئے موجودہ حکومت نے کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کو اولین ایجنڈا بنا رکھا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چک 659 اور 535 کے کاشتکاروں کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے جانے والے ایک استقبالیہ کے دوران کیا۔ معاون خصوصی ملک عمر فاروق کی ذاتی کاوشوں سے 659 اور 535 سمیت پانچ دیہات کو نہری پانی کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا ہے ۔ مذکورہ دیہات کے کاشتکار عرصہ درازسے علاقے کی نہر سے نکلنے والی راجباہ کا لیول اونچا ہونے کی وجہ سے فصلوں کی کاشت کیلئے نہری پانی سے محروم تھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک عمر فاروق نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی اور زراعت کے شعبے کی ترقی بزدار حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے مشکل کے دن گزار لیے ہیں۔ تحریک انصاف اب اپنے وعدوں کی تکمیل کی طرف گامزن ہے ۔