عالمی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے ایک مرتبہ پھر افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے طالبان پر کڑی تنقید کی ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ طالبان کی جانب سے لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے خلاف جدوجہد میں اپنی جان تقریباً کھو چکی تھی۔ https://twitter.com/Malala/status/1472950748019318793?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1472950748019318793%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.express.pk%2Fstory%2F2261289%2F10 انہوں نے مزید کہا کہ ہزاروں پشتون سماجی رہنما اور قابل ذکر افراد طالبان کے ہیبت ناک تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے کی پاداش میں اپنی جانوں سے محروم کردیے گئے جبکہ لاکھوں پناہ گزین کی حیثیت سے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اپنی ٹوئٹ کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم (افغانستان) میں طالبان کی نہیں بلکہ پشتون برادری کی ترجمانی کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ طالبان نے رواں برس اگست میں سقوط کابل کے بعد افغانستان کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا تھا جس کے بعد عالمی برادری کی جانب سے ان پر زور دیا گیا کہ وہ لڑکیوں کی تعلیم اور خواتین کی ملازمت سے متعلق اپنی سخت پالیسی پر نظر ثانی کریں۔ دوسری جانب طالبان کے وزیر خارجہ امیر اللہ متقی نے اکتوبر میں دیے گئے ایک بیان کہا تھا کہ ہم دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہش مند ہیں تاہم لڑکیوں کے اسکول کھولنے کے لیے حکومت کو کچھ وقت دیا جائے۔ علاوہ ازیں اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی طالبان سے خواتین کو حکومت میں شامل کرنے اور لڑکیوں کی تعلیم جاری رکھنے کے وعدوں کی پاسداری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔