مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازکی گاڑی بغیر ٹول ٹیکس موٹروے سے گزر گئی،جس پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید برہم ہوگئے، انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو ٹول ٹیکس جرمانے سمیت ادا کرنا ہوگا۔مریم نواز کو کل ٹول ٹیکس اور جرمانے کا نوٹس بھیجوں گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز آج منڈی بہاوٴالدین میں عوامی جلسے میں شرکت کیلئے براستہ موٹروے گئیں۔بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کی گاڑی بغیر ٹول ٹیکس موٹروے سے گزر گئی، جس پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعیدنے موٹروے پولیس پر اظہار برہمی کیا۔ ان کو موٹروے پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ ہنگامہ آرائی سے بچنے کیلئے قافلے کو جانے دیا گیا۔ ہنگامہ آرائی کرنے والوں کی شناخت کا عمل شروع کردیا ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ مریم نواز کو ٹول ٹیکس جرمانے سمیت ادا کرنا ہوگا۔مریم نواز کو کل ٹول ٹیکس اور جرمانے کا نوٹس بھیجوں گا۔انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے امیر اور غریب کے ساتھ فرق نہیں کرسکتے۔دوسری جانب نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا قافلہ ابھی سکھیکی کے قریب پہنچا تھا کہ موٹروے پر مریم نواز کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا۔ جس پر مریم نواز کو دوسری گاڑی میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کی گاڑی کا ٹائر موٹروے پر سکھکی کے قریب پھٹا۔مریم نواز کا قافلہ متعدد پارٹی رہنماؤں اور کارکنان پر مشتمل ہے۔ مریم نواز کا قافلہ منڈی بہاؤالدین پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح ن لیگ کے کارکنان بھی جیل چوک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ جبکہ پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری بھی جیل چوک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ حکمران کہتے تھے کہ ہم احتجاج کے لیے کنٹینر فراہم کریں گے تاہم اب میں نکلی ہوں تو وہ ڈرتے کیوں ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر شاعرانہ انداز اپناتے ہوئے تحریک انصاف اور وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ مانگے تانگے کی کرسی پر مرتے کیوں ہو ، عمل نہیں تو جھوٹی باتیں کرتے کیوں ہو ، کہتے تھے آؤ میں کنٹینر دوں گا، میں جو نکلی ہوں تو ڈرتے کیوں ہو۔ ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ خوف انسان کو نا چین سے حکومت کرنے دیتا ہے نا چین سے جینے دیتا ہے۔ سی طرح وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مریم نواز کو منڈی بہاءالدین میں جلسہ سے نہیں روکا گیا۔ مریم نواز کو سیکیورٹی وجوہات پر جلسہ کی جگہ تبدیل کرنے کا کہا گیا تھا۔