جولائی کے مقابلے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا دبئی متحدہ عرب امارات میں گاڑی مالکان کے لیے بُری خبر یہ ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سُپر 98 پٹرول کی قیمت جولائی کی قیمت 2.30 درہم سے بڑھ کر 2.37درہم ہو گئی ہے جبکہ سپیشل 95پٹرول کی قیمت اگست کے مہینے کے لیے 2.26 درہم ہو گئی ہے جو کہ جولائی کے مہینے میں 2.18 درہم مقرر کی گئی تھی۔ڈیزل کی قیمت میں بھی اضافہ ہو چکا ہے جس کی قیمت 2.42 درہم مقرر کی گئی ہے، جبکہ جولائی میں اس کی قیمت 2.35 درہم تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جولائی میں کئی ماہ اضافے کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں کمی کی خوش خبری سُنائی گئی تھی جس کو عوام کی جانب سے بہت سراہا گیا تھا۔ تاہم اگست میں ایک بار پھر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر عوام نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ایک پاکستانی شہری کا کہنا تھا کہ اُسے شارجہ سے دْبئی روز آنا پڑتا ہے۔کئی ماہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اْس کے گھر کا بجٹبْری طرح متاثر ہوا ہے۔ پہلے کافی بچت ہو جاتی ہے۔ جبکہ پے در پے اضافے کے بعد اب اپنی گاڑی پر سفر کرنا کچھ محال سا معلوم ہونے لگا ہے۔ وہ اب یہی سوچنے لگا ہے کہ گاڑی کو گیراج میں بند کر کے صرف چھْٹی والے دِن ہی نکالا کرے اور خود لوکل ٹرانسپورٹ پر سفر کرنا شروع کر دے جو کچھ تکلیف دہ تو ہے مگر جیب پر کم بوجھ ڈالتا ہے۔