تازہ ترین

ماہرین کی وارننگ: ہارٹ اٹیک کے مریض کو یہ دوا ہرگز نہ دیں

ماہرین-کی-وارننگ-ہارٹ-اٹیک-کے-مریض-کو-یہ-دوا-ہرگز-نہ-دیں

لندن : برطانیہ میں کی جانے والی ایک تحقیق کے نتائج میں انکشاف ہوا ہے کہ بیٹا بلاکرز دوا خواتین کو دل کے دورے کے بعد دینا انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

بیٹا بلاکرز جو عام طور پر دل کے دورے کے بعد استعمال کی جانے والی دواؤں میں شامل ہیں۔ ایک تازہ تحقیق کی روشنی میں بعض خواتین کے لیے مذکورہ دوا نقصان دہ قرار دی گئی ہے ، خصوصاً ان خواتین کے لیے جن کا دل کا پمپنگ فنکشن برقرار ہو۔

محققین کا کہنا ہے کہ ہارٹ اٹیک کے بعد جن خواتین کے دل کو کم نقصان پہنچتا ہے اگر انہیں بیٹا بلاکرز دی جائیں تو ان کو دوبارہ دل کا دورہ پڑنے، ہارٹ فیل ہونے اور یہاں تک کہ ان کی موت کے امکانات تین گنا تک بڑھ جاتے ہیں۔

بیٹا بلاکرز کیا ہیں؟

بیٹا بلاکرز ایک قسم کی دوا ہے جو دل اور خون کی نالیوں پر اثر انداز ہو کر دل کی دھڑکن کو سست کرتی ہے اور بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے۔

اس تحقیق کے نتایج معروف طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن اور اس سے منسلک یورپی ہارٹ جرنل میں شائع ہوئے ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ دل کے دورے کے بعد اگر مریض کا بائیں طرف کا ایجیکشن فریکشن کم نہ ہو، تو بیٹا بلاکرز کا استعمال نہ صرف نقصان دہ بلکہ بعض خواتین کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہو سکتا ہے جس سے موت بھی واقع ہوسکتی ہے۔

تحقیق میں شامل 1 ہزار 627 خواتین کا تجزیہ کیا گیا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ بیٹا بلاکرز استعمال کرنے والی خواتین میں دل سے متعلق اموات کا خطرہ ان خواتین کی نسبت 45 فیصد زیادہ تھا جو یہ دوا استعمال نہیں کر رہی تھیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نتائج ایک بڑے کلینکل ٹرائل ری بوٹ کے تحت حاصل کیے گئے ہیں جس میں اسپین اور اٹلی کے 109 اسپتالوں کے 8500 مریض شامل تھے، نتائج نے یہ ظاہر کیا کہ وہ مرد و خواتین جن کا دل 50 فیصد یا اس سے زیادہ کارکردگی دکھا رہا ہو، بیٹا بلاکرز کے استعمال سے انہیں کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں