تازہ ترین

مارکیٹوں کی بندش سے فیصل آبادکوایک کھرب کا نقصان ہوگا

مارکیٹوں-کی-بندش-سے-فیصل-آبادکوایک-کھرب-کا-نقصان-ہوگا

برآمدات اوربے روزگاری سے امن وامان کی صورتحال خراب ہو سکتی :رانا سکندر فیصل آباد : کورونا وائرس کی وجہ سے مارکیٹوں کی بندش سے فیصل آبادکوایک کھرب روپے سے زائدکا نقصان ہو گا جبکہ برآمدات اوربے روزگاری سے امن وامان کی صورتحال بھی مزید تشویشناک ہو سکتی ہے فیصل آبادچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدررانا سکندراعظم نے کہا فیصل آبادملک کا تیسرا بڑاصنعتی شہرہے جو ملکی برآمدات میں25فیصدکے لگ بھگ حصہ ڈال رہا ہے انہوں نے وضاحت کی کہ برآمدات میں کمپوزیٹ یونٹوں کا حصہ بہت معمولی ہے جبکہ 90فیصدبرآمدی مال ایس ایم ای سیکٹرتیارکرتا ہے ۔انہوں نے کہا حکومت نے اپنے طورپربرآمدکنندگان کیلئے 100ارب روپے کی رقم مختص کی ہے تاکہ انکے مالی مسائل کوحل کیا جاسکے انہوں نے مزیدبتایا ڈی ایل ٹی ایل کے ریفنڈاورڈیوٹیوں کے سلسلے میں دس دس ارب روپے رکھے گئے ہیں حکومت کے مطابق انکی ادائیگی 31مارچ تک کردی جائیگی ۔ انہوں نے اس یقین دہانی پرشک وشبہ کا اظہارکیااورکہا 72گھنٹے میں سیلزٹیکس ریفنڈکی طرح یہ دعویٰ بھی بظاہرنا ممکن نظرآتا ہے انہوں نے کہا فیکٹری مالکان پرمزدوروں کو کام کئے بغیرتنخواہ دینے کا حکم نامہ بروقت ہے اورفیکٹری مالکان نے اس کو خوش دلی سے قبول بھی کرلیا ہے تاکہ انکے مزدوروں کے گھروں کے چولہے جلتے رہیں اورکورونا کا بھی موثرسدباب کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا برآمدکنندگان دراصل اس وقت بیک وقت دومحاذوں پرجنگ لڑرہے ہیں تاکہ نہ صرف بے روزگاری پرقابوپایا جاسکے بلکہ عالمی کسادبازاری میں ملک کیلئے قیمتی زرمبادلہ بھی کمایا جاسکے ۔انہوں نے اس بات پرافسوس کا اظہارکیا کہ انکی خدمات کے اعتراف کے برعکس انہیں اس ماہ کے یوٹیلیٹی بلزفوری ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ حالات کے پیش نظرصنعتی یونٹوں کے بلزکی ادائیگی 2ماہ کیلئے موخر کی جائے ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں