لاہور: گودام میں آتشزدگی، 4 افراد جاں بحق،21 زخمی
شائع شدہ تاریخ 02 جنوری, 2020
لاہور کے علاقے موچی گیٹ میں ایک عمارت کے گراؤنڈ فلور پر بنائے گئے چمڑے کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، آگ لگنے سے عمارت کی بالائی تین منزلوں میں دھواں بھرگیا۔ آتشزدگی کے باعث 4 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو اہلکار اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئےاور امدادی کارروائیاں شروع کردیں مگر ریسکیو کو تنگ گلیوں کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ایس پی سٹی صفدر رضا کاظمی کے مطابق عمارت میں آگ لگنے سے ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا۔ جاں بحق ہونے والوں میں عبدالمالک، عبدالودود، دادخدا اور فیروزخان شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔