فائنل میچ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم پہلی اننگز میں خسارے کی وجہ سے ناکام قرارپائی لاہو: جنوبی پنجاب نے قائداعظم ٹرافی سیکنڈالیون میںٹائٹل اپنے نام کرکے فتح کا جھنڈا گاڑ دیا ،سٹیٹ بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میچ میں خیبر پختونخوا کی ٹیم پہلی اننگز میں خسارے کی وجہ سے ناکام قرارپائی ۔تفصیلات کے مطابق پہلی اننگز میں خسارے کا شکار خیبرپختونخوا کی ٹیم نے میچ کے آخری روز بھرپور مزاحمت کی تاہم وہ میچ کو نتیجہ خیز نہ بناسکی اور 484 رنز کے تعاقب میں آخری روز کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 379 رنزبنائے ۔ محمد محسن 123 اور مصدق احمد 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ اختتامی لمحات میں خوشدل شاہ نے جارحانہ اندازمیں 45 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو فتح نہ دلاسکے ۔ جنوبی پنجاب کے سپنر ذوالفقار بابر نے میچ میں 8وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی پنجاب نے پہلی اننگز 5وکٹوں پر 369بناکر ڈکلیئر کی اوردوسری اننگز میں 333رنزبنائے تھے جبکہ خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 219 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی ۔