فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے میگا پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے نئے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تعمیر اور ریلوے سٹیشن تک ٹرین شٹل سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر عملی اقدامات کا جلد ۱ٓغاز کردیا جائے گا۔ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے بتایا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے افتتاح سے قبل ہی صنعتکاروں کی جانب سے درخواستیں موصول ہونا شروع ہوچکی ہیں جوکہ ان کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے سپیشل اکنامک زون کے حوالے سے بتایا کہ سپیشل اکنامک زون میں صنعتکاروں کو ٹیکس میں ریلیف اور دیگر مراعات بھی دی جائیں گی جوکہ صنعتکاروں کیلئے بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے عین مطابق کام کررہے تاکہ ملک میں صنعتی انقلاب برپا کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وفاقی حکومت کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سپیشل ڈیسک کے قیام، بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ڈیسک کے ۱ٓغاز،، صنعتکاروں کیلئے ویزہ کی سہولت کیلئے سپیشل آفس کے ساتھ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سے فیصل آباد ریلوے اسٹیشن تک ریلوے شٹل سروس چلانے کی بھی تجویزپیش کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم فیڈمک کو مزید بااختیار ادارہ بنائیں گے تاکہ اس میں دوسرے محکموں کا عمل دخل ختم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے ساتھ ائیر پورٹ کی تعمیر سے نیشنل اور انٹرنیشنل صنعتکاروں کو بھرپور کاروباری سہولت میسر۱ٓنے سمیت ان کا وقت بھی بچے گا۔انہوں نے کہا کہ فیڈمک کام کی مقدار کے ساتھ ساتھ معیار پر بھی بھرپور توجہ دیتا ہے جس کے باعث آج علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی افتتاح سے قبل ہی ملکی و غیر ملکی صنعتکاروںکی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔