تازہ ترین

عمرہ زائرین کے لیے سعودی مملکت میں داخلے کی آخری تاریخ کا اعلان کر دیا

عمرہ-زائرین-کے-لیے-سعودی-مملکت-میں-داخلے-کی-آخری-تاریخ-کا-اعلان-کر-دیا

17 جُون 2019ء سے عمر ہ ویزے کے اجراء روک دیا گیا ہے جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 22جُون 2019ء ) سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عمرہ زائرین کے لیے سعودی مملکت میں داخلے کی آخری تاریخ 2 جولائی 2019 (بروز منگل) ہے۔ اس کے بعد کسی کو عمرہ کی غرض سے سعودی مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ عمرے کی آخری تاریخ سے صرف وہی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں جنہیں عمرہ ویزوں کو اجراء ہو گیا ہے۔ کیونکہ 17 جُون 2019ء کو عمرہ ویزوں کا اجراء رواں عمرہ سیزن کے لیے ختم کر دیا گیا ہے اور عمرہ کے خواہش مندوں کو اب اگلے سال کے عمرہ سیزن کا انتظار کرناہو گا۔ وزارت حج کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق عمرہ سیزن کا اختتام 2 جولائی کو ہو جائے گا کیونکہ اس کے بعد لاکھوں فرزندانِ توحید کے لیے اگست 2019ء میں حج کی تیاریاں شروع ہو جائیں گی۔ جس کے لیے ایک مہینہ سے زائد کا وقت درکار ہو گا۔ وزارت حج نے تمام عمرہ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عمرہ زائرین اپنے مذہبی فریضے کی ادائیگی کے بعد مملکت سے رخصت ہو چکے ہیں۔ اگر کوئی معتمر قیام کی مُدت ختم ہونے کے بعد بھی سعودی مملکت میں نظر آیا تو اسے سخت کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا جس میں قید اور جرمانے کی سزا بھی شامل ہو گی۔ واضح رہے کہ اس بار 80 لاکھ سے زائد افراد عمرے کی سعادت حاصل کر چکی ہے۔ وزارت حج کے مطابق اس بار بھی سب سے زیادہ معتمرین کا ریکارڈپاکستان کے پاس ہے۔مملکت آنے والے پاکستانی زائرین کی اب تک کی گنتی 16 لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ جبکہ اس کے بعد انڈونیشیا کا نمبر ہے جہاں سے آنے والے معتمرین کی گنتی 9 لاکھ 46 ہزار سے زائد ہے۔ اس کے بعد ہندوستان تیسرے نمبر پر ہے جہاں سے 6 لاکھ 43 ہزار سے زائد زائرین آئے ہیں۔  مصر سے آنے والوں کی گنتی 5 لاکھ 35 ہزار ،الجزائر سے 3 لاکھ 64 ہزار، یمن سے 3 لاکھ 34 ہزار، تْرکی سے 3لاکھ6  ہزار، ملائشیا سے 2 لاکھ 74 ہزار، عراق سے 2لاکھ 70 ہزار، جبکہ اُردن سے 2 لاکھ معتمرین آئے ہیں۔ سب سے زیادہ معتمرین فضائی سفر کے ذریعے مملکت میں آئے ہیں جن کی گنتی 63 لاکھ سے زائد ہے، زمینی راستوں سے آنے والوں کی تعداد 7لاکھ کے قریب ہے جبکہ سمندری سفر کے ذریعے 1لاکھ سے زائد افراد آئے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں