دادو : وزیرِخارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے عمران خان ہر موقع پر فیل ہو چکے ہیں، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک استعفیٰ نہیں دینا چاہتے۔ منگل کو دادو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان جو استعفے نہیں دینا چاہتے ان کا نام بتا سکتا ہوں۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات پر ہمارے کچھ لوگوں کو تحفظات ہیں، ایم کیو ایم کے ساتھ ایک معاہدہ ہے چاہتے ہیں اس کے مطابق چلیں۔ ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، انہیں پاؤں پر کھڑا کریں گے۔ ورلڈ بینک سے سندھ حکومت سیلاب متاثرین کیلئے 2 ارب ڈالرقرض لے رہی ہے۔ ان متاثرین کو زمین کا مالک بنائیں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دادو میں سابق ایم این اے مرحوم ظفر لغاری کے بیٹے ایم این اے عرفان ظفر لغاری سے تعزیت بھی کی۔