کابل : طالبان نے افغانستان میں تمام غیرملکی کرنسی کے استعمال پر پابندی لگادی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے افغانستان میں تمام غیرملکی کرنسی کے استعمال پر پابندی لگادی ہے، طالبان حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہاگیاہےکہ ملکی معاشی صورتحال اور قومی مفاد کی ضرورت ہےکہ تمام افغان شہری صرف افغانی کرنسی استعمال کریں۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ٹوئٹر پیغام پر حکم نامہ شئیرکیاہے،جس میں تمام شہریوں، دکانداروں ،تاجروں اور سرمایہ کاروں کو تمام ٹرانزیکشن افغانی کرنسی میں ہی کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے اور احکامات نہ ماننے والوں کیخلاف قانونی کاروائی کرنےکی دھمکی بھی دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اگست میں طالبان کے ملک پر قبضہ کرنے کے بعد، امریکی فیڈرل ریزرو اور یورپ کے مرکزی بینکوں نے افغانستان کے اربوں ڈالر کے بیرون ملک اثاثے منجمد کر دیے تھے۔