ملتان:ملتان میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبران صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی،جاویر اختر انصاری،سبین گل اور سلیم لابر،پی ٹی آئی سٹی کے صدر عمران ڈوگر،شاہد مظفر،ملک روف، رانا شمشاد،ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر اور کمپنی کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمپنی کی کارکردگی بڑھانے کے لئے موجود وسائل کو منظم طریقے سے استعمال میں لایا جائے گا،کمپنی کی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لئے ریونیو جنریشن پلان تیار کیا جائے گا ۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کی آمدنی بڑھانے کے لئے گھریلو یونٹ پر کم اور کمرشل اور انڈسٹریل یونٹس پر زیادہ فیس لاگوکرنے کا ماڈل تیار کیا جائے ۔ہسپتالوں ،میرج ہالز، پٹرول پمپس، ہوٹلوں اور بڑے تعلیمی اداروں سے صفائی کی فیس وصول کی جائے ۔ اس کے علاوہ فیس وصولی کے حوالے سے ہوٹلوں، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کی درجہ بندی کی جائے اور پرائیویٹ ہائوسنگ کالونیوں سے بھی صفائی کے چارجز وصول کئے جائیں۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی ،جاویداخترانصاری،ملک سلیم لابر ،ایم پی اے سبین گل نے بھی تجاویز دیں کمپنی کے ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 135گاڑیاں کمپنی کی ملکیت ہیں۔کمپنی کے پاس 2083 ورکرز ہیں اور کمپنی کو مزید 1370 ورکرز، 135 ڈرائیورز، 70 ہیلپرز اور 210 لاری بیلدار کی ضرورت ہے ۔