تازہ ترین

صدربائیڈن کاعمران خان سےبراہ راست رابطہ اہم ہوگا،امریکی سینیٹر

صدربائیڈن-کاعمران-خان-سےبراہ-راست-رابطہ-اہم-ہوگا،امریکی-سینیٹر

امریکی ڈیموکریٹک سینیٹرکرس وین ہولن نے کہا ہے کہ افغانستان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاکستان کا کردار مدنظررکھتے ہوئے یہ اہم ہوگا کہ صدرجُوبائیڈن پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے براہ راست رابطہ کریں۔ امریکی شہرہیوسٹن میں پاکستانی نژاد امریکی ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید اور اٹارنی نعمان حسین کی جانب سے منعقدہ  فنڈ ریزنگ کے موقع پر سینیٹرکرس وین ہولن نے صحافیوں سے بات کرتےہوئے بتایا کہ امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ اور سیکریٹری  دفاع سمیت دیگر امریکی اعلی حکام کا پاکستانی ہم منصب کے ساتھ مکمل رابطہ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ بائیڈن کابینہ کی اعلی شخصیات نے یقین دلایا ہے کہ صدر بائیڈن اور عمران خان کے درمیان براہ راست رابطے کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں بائیڈن انتظامیہ بشمول سیکریٹری آف اسٹیٹ اور نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر سے بھی بات کی ہے اور دونوں ملکوں کے سربراہان کے درمیان براہ راست رابطے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ سنیٹر کرس وین کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو طالبان پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔افغانستان میں اصولوں اور انسانی حقوق خصوصا خواتین اور اقلیتی کمیونٹی کے حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانا اہم ہے۔طالبان کو چاہئے کہ وعدے کے مطابق ان لوگوں انخلاء کیلے محفوظ راستہ فراہم کریں جوافغانستان سے جانا چاہتے ہیں۔ امریکی سینیٹرنے کہا کہ نئی افغان حکومت میں طالبان ہرمکتبہ فکر اور گروپس کو نمائندگی دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ افغانستان کی سرزمین آئندہ سانحہ 11 ستمبرجیسے کسی واقعہ یا کسی بھی قسم کی دہشت گردی کےلیے استعمال نہیں ہوگی۔ امریکی انتظامیہ سے متعلق ان کا کہناتھا کہ بائیڈن حکومت کی پہلی ترجیح ہے کہ افغانستان کی نئی حکومت کو رابطوں اور بات چیت سے منسلک رکھنے کے حوالے سے پاکستان سمیت پوری عالمی برادری ایک پیج پر ہو۔امریکہ نے افغانستان میں القاعدہ کو شکست دے کر اور اسامہ بن لادن کو کیفر کردار تک پہنچا کر اپنے مقاصد پورے کرلئے۔ اس لئےسابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے لے کر بائیڈن انتظامیہ تک امریکی افواج کی واپسی پر اتفاق رائے قائم رہا اور امریکی عوام کی بھی یہ ہی خواہش تھی۔ امریکی سینیٹر نے مزید بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے جنگ سے متاثرہ سرحدی علاقوں میں روزگار اور کاروبار کے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے ڈیوٹی فری ٹریڈ زون کے قیام کیلے سینٹ میں  پیش کردہ بل پر کام کر رہے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں