ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ صحت سہولت پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک تک وسیع کردیا ہے۔ پیر کو معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان کی زیر صدارت صحت سہولت پروگرام کا اجلاس ہوا۔ ویڈیولنک پر صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد اور خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر تیمور ظفر جھگڑا بھی شریک ہوئے۔ ڈاکٹرفیصل سلطان نے بتایا کہ صحت سہولت پروگرام حکومت کا ایک انقلابی پروگرام ہے اوراس پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک تک وسیع کردیا ہے۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ اب کسی بھی غریب کواپنےعلاج کیلئے دربدرکی ٹھوکریں نہیں کھانا پڑیں گی۔ یونیورسل ہیلتھ کوریج کے تحت فاٹااورتھرپارکر سمیت خیبرپختونخوا،آزاد جموں کشمیرکے تمام افرادکوہیلتھ کارڈ کےتحت مفت علاج کی سہولیات میسر ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے7 اضلاع کے لوگوں کو بھی یونیورسل ہیلتھ کوریج کے تحت تمام لوگوں کو مفت علاج کی سہولیات میسر ہیں جبکہ گلگت بلتستان کے تمام مستقل رہائشیوں کوجنوری 2022 سے ہیلتھ کارڈ کی سہولت میسرہوگی۔