فیصل آباد: چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر شفیق الحسن نے میانوالی سرکل کے علاقوں تبی سر،پائی خیل،مندہ خیل اور عیسیٰ خیل کا دورہ کیا اور صارفین کے مسائل کا جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فیسکو صارفین کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بڑھتے ہوئے کنکشنز کی وجہ سے صارفین کیلئے نئے گرڈز کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ وولٹیج کے مسائل کا بھی خاتمہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ میانوالی سر کل کے مختلف علاقوں میں 66اور132کے وی کے گرڈسٹیشنز کی تعمیر کے سلسلے میں جگہ کا انتخاب کیا جارہا ہے تاکہ جلد اس کی فزیبیلٹی رپورٹ تیار کرکے گرڈز کی تعمیر شروع کی جاسکے ۔ نئے گرڈز کی تعمیر سے اس علاقے کے صارفین کو مزید اچھی سروس مہیا ہوگی اور ان کے مسائل کا جلد از جلد ازالہ ممکن ہوگا جبکہ نئے کنکشنز کا اجرا زیادہ تیزی کے ساتھ ہوگا اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گابعد ازاں انہوں نے عیسیٰ خیل سب ڈویژن فیسکو کا دورہ کیا۔