2ٹیسٹ میچز کی سیریزکا پہلا میچ آج سے راولپنڈی میں شروع ،میچ بارش سے متاثر ہونے کاخدشہ،تمام پاکستانی کرکٹرزپہلی بار ملک میں ٹیسٹ میچ کھیلیں گے سری لنکا کیخلاف بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرینگے ،ناکام دورہ آسٹریلیا کے بعد ٹیم بہتری کی خواہاں ہے ،بطور کپتان مجھے ساتھی کھلاڑیوں کیلئے مثال بننا ہوگا:اظہرعلی راولپنڈی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے 10سال بعد دوبارہ پاکستان کا دورہ کر کے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ بحال کرنے پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے ۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج سے راولپنڈی میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کا آغاز ہوگا جس کے ساتھ ہی ملک میں 10سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو گی جس میں بہترین کھیل کیلئے قومی کپتان اظہرعلی نے کمر کس لی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ سری لنکا کیخلاف بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے ،ناکام دورہ آسٹریلیا کے بعد ٹیم بہتری کی خواہاں ہے ،بطور کپتان مجھے بھی ساتھی کھلاڑیوں کیلئے مثال بننا ہوگا،بڑا سکور کر کے کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہوں،حریف کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے جو نظم و ضبط کے ساتھ کھیلتی ہے ۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو میں قومی کپتان اظہرعلی نے واضح کیا کہ ان کی ٹیم آسٹریلیا کے ناکام دورے کے بعد اپنے کھیل میں بہتری کیلئے پرامید ہے اور ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے اپنی خامیوں کو دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اظہرعلی کا کہنا تھا کہ وہ حریف ٹیم کو کمزور سمجھنے کی غلطی ہرگز نہیں کریں گے جس میں نظم و ضبط کے ساتھ کھیلنے کی بھرپور اہلیت ہے اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی میں اسے کمتر نہیں سمجھا جا سکتا ۔34سالہ پاکستانی قائد کا کہنا تھا کہ وہ میچ کے آغاز سے قبل کنڈیشنز کو دیکھ کر اپنی حتمی ٹیم کا اعلان کریں گے تاہم امکان ہے کہ سری لنکا کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے عابد علی کو ٹیسٹ کیپ دی جا سکتی ہے جو شان مسعود کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے جبکہ امام الحق کو باہر بیٹھنا پڑے گا ۔ مڈل آرڈر بیٹنگ میں فواد عالم کی دس سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی متوقع ہے جبکہ نسیم شاہ کے علاوہ بائیں ہاتھ کے سپن باؤلر کاشف بھٹی کو بھی کنڈیشنز کے لحاظ سے موقع فراہم کیا جا سکتا ہے ۔واضح رہے کہ دس سال سے زائد عرصے بعد پاکستانی سرزمین پر کھیلے جانے والے اولین ٹیسٹ کے بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے شہر میں جمعرات سے ہفتے تک بارش کی پیشگوئی کی ہے جس کے سبب دوسرے ،تیسرے اور چوتھے دن کا کھیل خراب موسم سے متاثر ہو سکتا ہے ۔پاکستانی وقت کے مطابق میچ روزانہ 9 بجکر 45 منٹ پر شروع ہوا کرے گا۔اس میچ کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ تمام پاکستانی کرکٹرز پہلی اپنے ملک میں ٹیسٹ میچ کھیلیں گے کیونکہ تمام کھلاڑیوں نے 2009میں سری لنکا کی ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیوکیاتھا۔