اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا سیلاب کے ایک ہفتے بعد پتا چلا صورتحال گھمبیر ہے، سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کیلئے گرانٹ بڑھانے کا اعلان کردیا۔ منگل کے روز وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، این ڈی ایم اے کی جانب سے سیلابی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ کابینہ اجلاس میں سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ایسی تباہی ہوئی جو کبھی دیکھی نہ سنی، 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہیں، مواصلاتی نظام تباہ ہوچکا، بحالی کا کام شب وروز جاری ہے۔ مزید بولے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، رقم کے ساتھ گھر بھی بنا کر دیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا ابتدائی تخمینہ 28 ارب روپے لگایا گیا، ایک مربوط نظام کے تحت متاثرین کی بحالی کا کام کیا جائے گا۔ متاثرین میں 20 ارب روپے تقسیم کئے جاچکے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 70 ارب روپے پہنچائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے ساتھ تعاون جاری ہے، ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، یہ وقت سیاست کا نہیں عوام کی خدمت کا ہے۔ سندھ میں ڈرین سسٹم نہ ہونے تک پانی کھڑا رہے گا، آئندہ تباہی سے بچنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔