اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بہت زیادہ لوگ متاثر ہوئے، ہمیں سب سے بڑے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب سابق وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کیلئے چندہ جمع کرنے کیلئے ایک بار پھر ٹیلی تھون کی۔ عوام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قوم کو مل جل کر اس چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے ماضی کے سیلاب کے مقابلے میں موجودہ سیلاب کو زیادہ نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے بہت زیادہ تعداد میں لوگ متاثر ہوئے، 2010 کے مقابلے میں صورتحال زیادہ خراب ہے۔ چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کا عوام سے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم کے متعلق کہنا تھا کہ گزشتہ ٹیلی تھون میں ہم نے سیلاب زدگان کیلئے 5 ارب روپے سے زائد رقم جمع کی تھی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی بھی وقت کال دے سکتا ہوں، عوام باہر نکلنے کے لئے تیار رہیں۔جلسے میں نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد آئی۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے 2 روز قبل گوجرانوالہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سب کا خاص شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے قوم کے نوجوانوں کی حقیقی آزادی کے لیے ضرورت پڑے گی، اللہ تیرا شکرہے تونے قوم کو جگا دیا، جوقوم جاگ جائے وہ اپنی حقیقی آزادی کو چھینتی ہے۔