سپریم کورٹ نے ریلوے نظام کی بحالی کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا ہے کہ ریلوے پاکستان کی لائف لائن ہے سپریم کورٹ میں ریلوے گالف کلب کی لیز سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے نظام میں بہتری عام آدمی کی بڑی خدمت ہو گی، یہی ریلوے نظام پڑوسی ملک میں چل سکتا ہے تو یہاں کیوں نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ریل گاڑی جس بھی اسپیڈ سے چلے منزل پر پہنچا ہی دیتی ہے، ریلوے پاکستان کی لائف لائن ہے۔ سپریم کورٹ نے ریلوے نظام کی بحالی کا جامع پلان طلب کرتے ہوئے ریلوے کو منافع بخش بنانے کا جامع پلان عدالت میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 23 جنوری سے شروع ہونے والے ہفتے تک ملتوی کردی۔