تازہ ترین

سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کی ناقص کارکردگی بے نقاب کر دی

سول-ایوی-ایشن-نے-پی-آئی-اے-کی-ناقص-کارکردگی-بے-نقاب-کر-دی

کراچی : پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) کی گزشتہ 8ماہ کی کارکردگی کا کچہ چٹھا کھول دیا اور ناقص منصوبہ بندی اور کوتاہیوں پر وارننگ نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) کے فضائی بیڑے کی دیکھ بھال میں سنگین غفلت اور کوتاہیوں کا انکشاف ہوا، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے گزشتہ آٹھ ماہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے پی آئی اے کی بیس مینٹی ننس پر سخت اعتراضات اٹھائے ہیں ، اے آر وائی نیوز نے سول ایوی ایشن کے خط کی کاپی حاصل کر لی ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایئر وردنینس کی جانب سے پی آئی اے اور سی اے اے حکام کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ناقص منصوبہ بندی اور کمزور نگرانی کے باعث طیاروں کی سروسنگ اور دیکھ بھال کے عمل میں سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ چیف انجینئر بیس مینٹی ننس اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کیبن فرنشنگ شاپ میں لیول ون کی سنگین خلاف ورزی ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اے320 طیارے کے لینڈنگ گیئر ایکچویٹرز کی غیر مجاز مرمت بھی سامنے آئی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ریکارڈز اور سرٹیفکیشن کے غلط استعمال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مزید برآں، بی777 طیارے پر غیر منظور شدہ جیک کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ بوئنگ کے ساتھ خط و کتابت کے بعد اس بات کی تصدیق بھی ہوئی کہ طیارے پر غیر منظور شدہ جیک استعمال کیا گیا۔

خط میں واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال طیاروں کی حفاظت، ریگولیٹری عمل درآمد اور پی آئی اے کی ساکھ کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو باضابطہ طور پر وارننگ نوٹس جاری کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کرنے اور مؤثر منصوبہ بندی و سخت نگرانی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں