تازہ ترین

سعودی لائبریری کی جانب سے حرمین شریفین کی 83 سالہ پُرانی نایاب تصویریں سامنے آ گئیں

سعودی-لائبریری-کی-جانب-سے-حرمین-شریفین-کی-83-سالہ-پُرانی-نایاب-تصویریں-سامنے-آ-گئیں

کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری کی جانب سے جاری کردہ یہ تصاویر 1936ء میں مصری حج مشن کی جانب سے لی گئی تھیں جدہ سعودی عرب کی کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری کی جانب سے حرمین شریفین اور دیگر مقاماتِ مقدسہ کی 8 دہائیوں پُرانی تصاویر عوام کے لیے پیش کر دی ہیں۔ یہ ایمان افروز تصاویر اس وقت سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہو چکی ہیں۔ العربیہ نیٹ کے مطابق عبدالعزیز لائبریری نے حال ہی میں اپنے ریکارڈ میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی نایاب تصاویر شامل کی ہیں۔ان میں خانہ کعبہ کی تصویر کے علاوہ منی، مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کرام کے قیام، سال 1936 میں مصری اعزازی مشن کے ارکان ، حرم شریف کے ایک دروازے، مدینہ منورہ میں پانی کے متعدد چشموں، مسجد نبوی کے ایک مینار، مدینہ منورہ کی کئی سڑکوں اور جدہ کی بندرگاہ پر بعض حجاج کرام کی تصاویر شامل ہیں۔ یاد رہے کہ کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری تصاویر کا ایک بڑا محفوظ ریکارڈ رکھتی ہے۔یہ دنیا میں نادر و نایاب نوعیت کا ریکارڈ ہے اور اس میں (5564) تصاویر ہیں۔ ان تصاویر کو مشرق ، عرب خطے اور اسلامی دنیا کے مشہور ترین فوٹوگرافروں نے اپنے کیمروں کی آنکھ میں محفوظ کیا۔ ان میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مقدس مقامات اور مذہبی نشانیوں کے علاوہ قومی ورثے اور آثار قدیمہ سے متعلق نمایاں ترین مقامات کے مناظر پیش کرنے والی تصاویر شامل ہیں۔العربیہ نیٹ کے مطابق مذکورہ لائبریری ان دنوں سعودی عرب کی معاصر تاریخ کو دستاویزی شکل دینے پر کام کر رہی ہے۔اس سلسلے میں مملکت سعودی عرب کے قیام کے بعد سے سڑکوں، عمارتوں کی تعمیر، حرمین شریفین کی توسیع اور بیت اللہ کے حجاج اور زائرین کی خدمت کی سطح پر ہونے والی ترقی اور پیش رفت کو منظّم طریقے سے مرتب کرنے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں