تازہ ترین

سعودی خاتون کو سنیپ چیٹ پر پریشان کرنے والا نوجوان جیل پہنچ گیا

سعودی-خاتون-کو-سنیپ-چیٹ-پر-پریشان-کرنے-والا-نوجوان-جیل-پہنچ-گیا

ملزم نے خاتون کی ایک مارکیٹ میں تصویر بنائی اور پھر اس سے سنیپ چیٹ پر روابط بڑھانے کی کوشش کی جدہ سعودیہ کی فوجداری عدالت نے ایک یمنی نوجوان کو سعودی خاتون کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے کے الزام میں جیل بھیج دیا۔ عدالت کی جانب سے ملزم کو صرف دس روز کی قید سُنائی گئی ۔ اس کی وجہ ملزم کا کوئی سابقہ جرائم کا ریکارڈ نہ ہونا تھا۔ سعودی روزنامہ عکاظ کے مطابق یمنی باشندے نے جدہ کی ایک مارکیٹ میں سعودی خاتون کو دیکھا تو اس کے حُسن پر فدا ہو گیا۔ نوجوان نے سعودی لڑکی کی بڑی ہوشیاری سے مارکیٹ میں تصویر بنا لی اور پھر بعد میں سنیپ چیٹ کے ذریعے اُس سے رابطہ بنانے کی کوشش کی۔ تاہم جبسعودی خاتون کے بھائی کو اس بات کا پتا لگا تو اس نے فوری طور پر پولیس میں رپورٹ کر دی۔ جس پر یمنی نوجوان کو گرفتار کر کے اُس کا موبائل سیٹ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ پولیس اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے دورانِ تفتیش اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ اُس نے خاتون کی تصویر اُتاری اور پھر اُس سے سوشل میڈیا ویب سائٹ سنیپ چیٹ پر رابطہ بڑھانے کی کوشش کی ۔تاہم یمنی ملزم عدالت میں اپنے بیان سے انکار ہو گیا۔ جس پر استغاثہ کی جانب سے ملزم کا عدالت میں فون پیش کیا گیا جس میں خاتون کی بازار میں لی گئی فوٹو بھی موجود تھی۔ اس کے علاوہ ملزم کے سنیپ چیٹ اکاؤنٹ کے ذریعے سعودی لڑکی سے رابطے کے حوالے سے بھیجے گئے پیغامات کا ریکارڈ بھی پیش کیا گیا۔ جس پر عدالت کے فاضل جج نے ملزم کو دس دِن قید کی سزا سُنا دی اور اُس سے تحریری حلف نامہ بھی لیا گیا کہ وہ آئندہ اس طرح کی کسی معیوب حرکت کا ارتکاب نہیں کرے گا۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم کے خلاف سخت سزا کی استدعا کی گئی تھی تاہم جج نے ملزم کا ماضی میں کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہ ہونے کے باعث اُسے صرف دس روز کے لیے جیل بھیجنے کی سزا سُنائی۔ 

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں