زمزمی صغیر نامی مہم میں بچے عازمین حج میں پھول اور زم زم پیش کرتے ہیں ریاض سعودی عرب میں حج سیزن کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس موقع پر لاکھوں غیر مُلکی حجاز مقدس میں پہنچ چکے ہیں۔ اس بار جذبہٴ خیر سگالی کے تحت ایک تنظیم کی جانب سے حجاج کرام کا خصوصی انداز میں استقبال کیا جا رہا ہے۔ زمازمہ کنسولی ڈیڈٹ مرکز کی جانب سے جاری اس مہم کے تحت ننھے مُنے بچوں کی جانب سے حجاج کرام کو پھول اور زم زم کی بوتلیں دے کر اُن کا استقبال کیا جاتا ہے۔زمزمی صغیر مہم کو سوشل میڈیا پر سعودی اور غیر مُلکی صارفین کی جانب سے بہت سراہا جا رہا ہے اور اس حوالے سے کی جانے والی پوسٹ بہت وائرل ہو رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مہم میں مکہ اور مدینہ منورہ کوملانے والی مرکزی شاہراہ پر بچے پھول اور زمزم کی بوتلیں ہاتھوں میں تھامے عازمین حج کا استقبال کرتے ہیں، عازمین اس شاندار استقبال پر خوشی سے نہال ہو جاتے ہیں ۔بچے یہ پھول اور زمزم اللہ کے مہمانوں میں تقسیم کرکے ان سے خوب محبت اور شاباش وصول کرتے ہیں۔ زما زمہ مرکز کے چیئرمین کے ڈپٹی ڈائریکٹر امیر عبید نے کہا کہ یہ مہم رابطہ واطلاعات شعبے کی سرپرستی میں چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد عازمین حج اور ان کے اہل وعیال کی خوشیاں دوبالا کرنا اور انہیں یہ احساس دلا کر ان میں اپنائیت کا احساس پیدا کرنا ہے۔ عبید کا کہنا تھا کہ اس مہم کا ایک دوسرا مقصد عوام میں اللہ کے مہمانوں کی خدمت کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے عازمین حج کے لیے ہرطرح کی سہولت اور خدمت کے جذبے کوآگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمزمی صغیر مہم کو سوشل میڈیا اور عوام الناس میں غیرمعمولی پذیرائی ملی اور اسے سراہا گیا ہے۔