پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کا آج پریکٹس سیشن شیڈول ،کپتان ٹرافی کی رونمائی کرینگے راولپنڈی،لاہور: ملک میں ٹیسٹ میچز کی واپسی کا خواب یقینی بنانے کیلئے سری لنکن کرکٹ ٹیم دیموتھ کرونارتنے کی زیرقیادت پاکستان پہنچ گئی جس کا پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے پرتپاک استقبال کیا،دس سالہ طویل عرصے میں پاکستانی سرزمین پر اولین ٹیسٹ سیریز کا آغاز کل سے راولپنڈی میں ہوگا جس کی تیاریوں کیلئے مہمان ٹیم آج پریکٹس سیشن بھی کرے گی۔ پاکستان آنے والے سری لنکن سکواڈ میں ڈینگی کے شکار فاسٹ باؤلر سرنگا لکمل کی جگہ اوشادا فرنینڈو کو شامل کیا گیا ہے ۔پی سی بی ترجمان کے مطابق آج دونوں ٹیموں کے پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا بلاک میں پاکستانی کپتان اظہرعلی اور سری لنکن قائد دیموتھ کرونارتنے میڈیا سے گفتگو کریں گے جس کے بعد انہیں سیریز کی ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ بھی کرانا ہے جہاں دونوں ممالک کے درمیان اولین ٹیسٹ میچ کے کپتان جاوید میانداد اور بندولا ورناپورا بھی موجود ہوں گے جن کو خصوصی طور پر اس میچ کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق ٹیسٹ میچز کے دوران ہر روز کھیل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کی جانب سے ایک،ایک نمائندہ پریس کانفرنس کرے گا۔