پاکستانی گولڈ میڈلز کی تعداد چھ ہو گئی،11سلور اور 15برانز سمیت 32 تمغوں پر قابض کھٹمنڈو : نیپال میں جاری 13ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں پاکستان نے مزید چار طلائی تمغے جیت کر اپنے گولڈ میڈلز کی تعداد چھ تک پہنچا دی جبکہ گیارہ سلور اور پندرہ برانز میڈلز سمیت پاکستانی کھلاڑی 32 تمغے جیت چکے ہیں۔گزشتہ روز پاکستان کے چیمپئن کراٹیکاز سعدی عباس نے کراٹے کی 75 کلوگرام کیٹگری اور شاہ زیب نے تائیکوانڈو کی 54 کلوگرام کیٹگری میں گولڈ میڈل جیتا۔ شوٹنگ کے سینٹر فائر پسٹل ٹیم ایونٹ میں خلیل اختر،غلام مصطفی بشیر اور مقبول حسین پر مشتمل تکون نے اور تھری پوزیشن رائفل ٹیم ایونٹ میں غفران عادل،عاقب لطیف اور ذیشان شاکر نے گولڈ میڈلز یقینی بنائے اور انفرادی شوٹنگ مقابلوں میں خلیل اختر نے برانز میڈل جیتا۔ تائیکوانڈو میں سدرہ بتول اور محمد فہیم نے جبکہ پاکستانی کراٹیکاز نصیر احمد، ثناء کوثر اور کلثوم ہزارہ نے اپنی ویٹ کیٹگریز میں سلور میڈلز حاصل کئے اور ناز گل کو برانز میڈل ملا۔والی بال فائنل میں بھارت کیخلاف تین،ایک سے شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم نے سلور میڈل یقینی بنایا۔ سو میٹرز دوڑ میں پاکستان کے سمیع اللہ نے برانز میڈل حاصل کیا۔بیڈمنٹن میں مینز اور ویمنز ٹیمیں بھی سیمی فائنل میں شکست کے بعد برانز میڈل کی حقدار قرار پائیں۔پاکستانی مینز ٹینس ٹیم سری لنکا کو سیمی فائنل میں مات دے کر فائنل میں پہنچ گئی جبکہ خواتین کے انفرادی بیڈمنٹن مقابلوں میں پاکستان کی پلوشہ بشیر اور ماہور شہزاد نے ابتدائی راؤنڈز میں کامیابی حاصل کرلی۔