راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی، آبادی خالی کرنے کی ہدایت
شائع شدہ تاریخ 12 اگست, 2026
کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کرگئی جب کہ نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور ریسکیو کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
نالہ لئی کے آس پاس آبادی کو انخلاء کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ صادق آباد، ڈھوک الہی بخش میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
اس کے علاوہ مری روڈ، راول روڈ میں بھی پانی سڑکوں پر جمع ہے، گولڑہ میں سب سے زیادہ 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب مقبوضہ جموں اور بالائی علاقوں میں ہونے والی تیز بارشوں کے باعث شکر گڑھ کے نالہ بئیں میں سیلابی صورتحال ہے، درجن بھر سے زائد دیہات کی فصلیں ڈوب گئیں ۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور گڈو بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب کے نتیجے میں دیگر دریاؤں میں صورتحال معمول پر ہے۔