وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر پیغام میں کہا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کے خاتمے کے لیے معاہدے کا اعلان مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے قیام کا ایک تاریخی موقع ہے، بات چیت اور مذاکرات کے پورے عمل میں صدر ٹرمپ کی قیادت عالمی امن کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قطر، مصر اور ترکی کی پرعزم اور دانشمند قیادت کو بھی معاہدے کے لیے ان کی انتھک کوششیں قابل ستائش ہیں، فلسطینی عوام کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے، جنہوں نے بے مثال مصائب کا سامنا کیا، فلسطینیوں کے ساتھ اس سلوک کو کبھی نہیں دہرایا جانا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا مسجد الاقصیٰ میں حالیہ اشتعال انگیزی پر بھی شدید تشویش ہے، دنیا کو قابضین اور غیر قانونی آباد کاروں کا محاسبہ کرنا چاہیے ایسے مزید اقدامات کو روکنا چاہیے جو صدر ٹرمپ کی کشیدگی کو کم کرنے اور دیرپا امن کی راہ ہموار کرنے کے لیے کی گئی زبردست کوششوں کو نقصان پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے شراکت داروں، دوستوں اور برادر ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے تاکہ فلسطینی عوام کے لیے امن، سلامتی اور وقار ان کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق قائم ہو۔