بدقسمت خاندان کے ساتھ یہ واقعہ البرشا تھری کے علاقے میں پیش آیا دُبئی میں مقیم ایک خاندان پر اس وقت قیامت ٹُوٹ پڑی جب گھر میں ہونے والی آتش زدگی کے نتیجے میں اُن کی آٹھ ماہ کی بچی جھُلس کر اللہ کو پیاری ہو گئی۔ دُبئی پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی رات کو پیش آیا۔ جب ایک گھر کے ایک کمرے میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں وہاں موجود شیر خوار بچی جھُلس کر جاں بحق ہو گئی۔البرشا پولیس اسٹیشن کے قائم مقام ڈائریکٹر کرنل ماجد سلطان ال سویدی نے بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کو رات 12بجے اس واقعے کی اطلاع مِلی تھی۔ جس پر فوری طور پر جائے وقوعہ پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، طبی امداد کا عملہ ، ایمبولینس اور پولیس کی ٹیم روانہ کر دی گئی۔ تاہم جب تک آگ بُجھا کر بچی کو باہر نکالا جاتا، وہ آگ کی لپیٹ میں آ چکی تھی۔وقوعے کے وقت بچی گہری نیند میں تھی۔ دُبئی پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل عبداللہ خلیفہ ال مری نے سوگوار خاندان کے سربراہ حمید ال خروسی کے گھر جا کر اُس سے ملاقات کی اور تعزیت کرنے کے علاوہ واقعے کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔ واضح رہے کہ دُبئی میں اس سے قبل بھی آتش زدگی کے کئی واقعات رواں سال کے دوران پیش آ چکے ہیں۔ ایک ایسے ہی واقعے کے دوران ایک وِلا میں آگ بھڑکنے سے چھ پاکستانیوں کی موت بھی واقع ہوئی تھی۔جن میں پشاور سے تعلق رکھنے والے باپ بیٹا بھی شامل تھے۔ پولیس کی جانب سے عوام کو بارہا تنبیہ کی جا چکی ہے کہ وہ گھر میں آگ بجھانے والے آلات ضرور رکھیں جبکہ رہائشی بلڈنگ میں ہنگامی اخراج کے لیے متبادل دروازہ یا راستہ ضرور رکھیں، تاکہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں انسانی جانوں کا ضیاع کم سے کم ہو۔