اس ریسٹورنٹ سے روزانہ 30 سے 35 لوگ مفت کھانا کھاتے ہیں دُبئی اگر آپ بھُوکے ہیں مگر آپ کے پاس کھانا کھانے کے لیے پیسے نہیں ہیں تو فکر کی کوئی بات نہیں۔ Foul W Hummus نامی ریسٹورنٹ آپ کو مفت کھانے کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ یہ عربی کھانوں کا ریسٹورنٹ ایک اُردنی تارکِ وطن فادی ایاد کی ملکیت ہے۔ اس ریسٹورنٹ کی دُبئی اور شارجہ میں کئی برانچز ہیں۔ آپ خالی جیب اس ریسٹورنٹ میں جائیں، اطمینان سے کھانا کھائیں اور بِل کی صورت میں آپ کو صرف ایک مسکراہٹ ظاہر کرنی ہے۔39 سالہ فادی ایاد نے بتایا کہ انہوں نے مفت کھانا کھلانے کا کام اس اصول سے متاثر ہو کر شروع کیا کہ کوئی بھی شخص بھُوکا نہ رہ جائے۔ خاص طور پر مزدور طبقہ اور وہ لوگ جو نوکری کی تلاش میں مارے مارے پھرتے ہیں۔ مال آف ایمریٹس کے نزدیک البرشا 1کے علاقے میں واقع اس ریسٹورنٹ کے بیرونی شیشے پر عربی میں لکھا ہوا ہے۔ ”اگر آپ کھانا پیسے دے کر نہیں خرید سکتے تو پھر یہ آپ کے لیے بالکل مفت ہے جو کہ اللہ کی طرف سے آپ کو تحفے کے طور پر دیا جا رہا ہے ۔“ فادی نے مزید کہا کہ یہ کوئی مشہوری کا حربہ نہیں ہے۔ ہمارا مقصد ہر کسی کو خوش آمدید کہنا ہے۔ کئی لوگ ہمارے ریسٹورنٹ کے باہر سے گزرتے ہیں، جو بھُوکے ہونے کے باوجود محض اس وجہ سے کھانا نہیں کھا سکتے کہ اُن کے پاس پیسے نہیں ہوتے، جب یہ لوگ ہماری مفت کھانے کی آفر دیکھتے ہیں تو وہ اندر آ جاتے ہیں۔ اس ریسٹورنٹ میں ضرورت مندوں کے لیے کھانا بالکل مفت ہے۔ضرورت مندوں کو یہاں پر ہمس، فلافل، مطابل، ہمس بمعہ بیف اور پائن نٹس، سینڈوچز کے علاوہ اور کئی ڈشز بھی پیش کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ پانی،چائے اور کافی بھی مفت فراہم کی جاتی ہے۔ فادی کے مطابق ناشتے سے لے کررات کے کھانے تک تقریباً 30 سے 35 لوگ مفت کھانا کھاتے ہیں۔ مفت کھانا کھانے والوں کے لیے صبح سات بجے سے رات 3 بجے تک کھانے پینے کی سہولت موجود ہے۔ یہاں پر مفت کھانا کھانے والوں میں پاکستانی،بھارتی اور یورپی باشندے بھی شامل ہیں۔ فاؤل ڈبلیو ہمس کی پہلی برانچ 2011ء میں کھولی گئی تھی جس کے بعد اب صرف البرشا میں اس کی برانچز کی گنتی 3 ہو گئی ہے اس کے علاوہ ایک برانچ شارجہ میں بھی ہے، اور ایک برانچ شیخ زاید روڈ پر قائم کی جائے گی۔