تازہ ترین

دو قومی نظریہ ٹھکرا کر بھارت سے الحاق کا فیصلہ غلط ثابت ہوگیا:رہنما مقبوضہ کشمیر

دو-قومی-نظریہ-ٹھکرا-کر-بھارت-سے-الحاق-کا-فیصلہ-غلط-ثابت-ہوگیا:رہنما-مقبوضہ-کشمیر

سرینگر (آن لائن،نیٹ نیوز ،9 نیوزرپورٹ) بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام پر مقبوضہ کشمیر کے رہنمائو ں نے بھارت کے اس اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن بھارتی جمہوریت کی تاریخ کا تاریک ترین دن ہے ،دو قومی نظریہ ٹھکرا کر بھارت سے الحاق کا فیصلہ غلط ثابت ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار کا فیصلہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت کے 1947ء کے بھارت سے الحاق نہ کرنے کے فیصلے سے متصادم ہے ۔ بھارتی حکومت کا یک طرفہ فیصلہ غیر قانونی اور غیر آ ئینی ہے ، اس فیصلے سے بر صغیر کے لیے تباہ کن نتائج رونما ہوں گے ، بھارت کشمیر میں اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام ہو گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان پر انڈیا کو ترجیح دینے میں غلط تھے ،انڈین حکومت جموں و کشمیر کو غزہ کی پٹی کی طرح بنانا چاہتی اور کشمیر کے ساتھ وہی سلوک کرنا چاہتی ہے جو اسرائیل فلسطین کے ساتھ کر رہا ہے ، ہماری سیاسی قیادت، جنہوں نے دو قومی نظریے کو رد کرتے ہوئے سنہ 1947 میں انڈیا کے ساتھ ایک امید لیے الحاق کیا اب ایسا لگتا ہے کہ ہم پاکستان پر انڈیا کو ترجیح دینے میں غلط تھے ،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انھیں کشمیر کا علاقہ چاہیے وہ یہاں کے عوام کے لیے فکرمند نہیں ۔ اب ہم کہاں جائیں، وہ لوگ کہاں جائیں جو اقوام متحدہ میں انصاف کے لیے جاتے تھے ۔ ان کا ارادہ بہت واضح ہے کہ وہ زمین پر قبضہ کرنا اور ہم مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتے ہیں اور ہمیں مکمل بے اختیار کرنا چاہتے ہیں۔یہ جگہ اب ایک کھلی جیل بنا دی گئی ہے ، ہم سے اختلاف رائے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ یہ یک طرفہ، جانبدرانہ اور خودساختہ فیصلہ ہی نہیں بلکہ یہ غیر قانونی اور غیر آئینی بھی ہے جو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی موجودگی کو ایک ’قابض فورس‘ میں تبدیل کردے گا،آرٹیکل 370کے خاتمہ سے انڈیا سے الحاق کا فیصلہ کالعدم ہوگیا ہے ۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداﷲ نے بیان دیا کہ بھارتی حکومت کا یک طرفہ اور چونکا دینے والا فیصلہ کشمیریوں کے بھروسے کے ساتھ دھوکا ہے ، بھارتی فیصلے کے خطرناک نتائج ہوں گے ، بھارتی اقدام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے خلاف جارحیت ہے ۔آگے ایک طویل اور سخت جنگ ہے جس کیلئے ہم تیار ہیں۔ جبکہ مودی حکومت کے پاگل پن پر بھارت نواز مسلم رہنما بھی چیخ اٹھے ، کانگریسی رہنما غلام نبی آزاد نے راجیہ سبھا میں شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کیلئے کئی لوگوں نے قربانی دی، آج بھارت نے جمہوریت کا خون کردیا ۔ 

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں