تازہ ترین

دفعہ 144 باوجود پولیس ڈبل سواری ,گلی محلوں میں شہریوں کا ہجوم ختم کروانے میں ناکام

دفعہ-144-باوجود-پولیس-ڈبل-سواری-,گلی-محلوں-میں-شہریوں-کا-ہجوم-ختم-کروانے-میں-ناکام

کارروائیوں کے بجائے پولیس مبینہ طورپر نذرانے لے کر عوام کو ریلیف دینے لگی،اب دفعہ 144پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائیگا اورخلاف ورزی کرنیوالوں کو جیل پہنچایا جائے گا، کمشنر عشرت علی فیصل آباد: کورونا وائرس کے پھیلائوکی روک تھام کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود پولیس ڈبل سواری اور گلی محلوں بازاروں میں شہریوں کا ہجوم ختم کروانے میں ناکام ، گلی محلوں میں منچلے کرکٹ کھیلنے اور مین شاہراہوں پر موٹرسائیکلوں کی ڈبل سواری کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں جبکہ پولیس نے کارروائیاں کرنے کے بجائے خاموشی اختیار کرلی۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح فیصل آباد میں بھی مکمل لاک ڈائون کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ اور پولیس شہریوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے ، ڈبل سواری کیخلاف کارروائیاں عمل میں لانے کے بجائے ضلعی اور ٹریفک پولیس نے مبینہ طور پر نذرانے وصول کرتے ہوئے عوام کو ریلیف دینا شروع کردیا ہے ۔ گزشتہ چار روز سے جاری دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود ڈبل سواروں کیخلاف کی جانیوالی کارروائیاں بالکل نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ گلی محلوں، مین شاہراہوں، پارکوں میں منچلے کرکٹ، فٹ بال اور دیگر کھیلوں میں مصروف ہیں۔ ماہرین کہتے ہیں کہ اگر ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے شہریوں کے ہجوم کا سلسلہ ختم نہ کروایا اور شہریوں کو گھروں پر رہنے پر پابند نہ بنایا تو کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے کا بھی خدشہ ہے جسے بعد میں قابو کرنا بھی انتظامیہ کے کنٹرول سے باہر ہوجائیگا۔ ا س حوالے سے کمشنر فیصل آباد عشرت علی کا کہنا تھا اب دفعہ 144 کا سختی سے عمل درآمد کروایا جائیگا اور خلاف ورزی کرنیوالوں کو حوالات میں پہنچایا جائیگا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں