باتیں بہت ہوتی ہیں لیکن المیہ یہ ہے کہ خواتین کو اب تک حقوق نہیں دیئے گئے اسما سفیر ودیگر خواتین ذمہ داران کے ہمراہ کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ کراچی : امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،جماعت اسلامی (حلقہ خواتین) کراچی کی ناظمہ اسما سفیر ودیگر خواتین ذمہ داران نے جمعہ کو باغ جناح کا دورہ کیا اور جماعت اسلامی(حلقہ خواتین) کے تحت ’’عالمی یوم خواتین‘‘کے موقع پر ملک گیر سطح پر جاری تکریم نسواں مہم کے سلسلے میں ہفتہ(آج)کو3بجے دن باغ جناح نزد مزار قائد میں ہونے والی خواتین کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہیں تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔خواتین کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق،جماعت اسلامی (حلقہ خواتین) کی مرکزی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی،ناظمہ کراچی اسما سفیر ودیگر خواتین رہنما خطاب کریں گی۔ کانفرنس میں خواتین کی جانب سے حقوق خواتین چارٹر کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ کانفرنس میں مختلف شعبوں و مکتبہ فکر سے وابستہ خواتین ڈاکٹرز، اساتذہ،وکلا،طالبات اور ورکنگ ویمنز سمیت شہر بھر سے خواتین کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔کانفرنس اور تکریم نسواں مہم کا سلوگن ’’قوم کی عزت ہم سے ہے ‘‘ رکھاگیا ہے ۔ باغ جناح کے دور ے کے موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی خواتین کے تحت عالمی یوم خواتین کے حوالے سے ’’خواتین کانفرنس‘‘ عورتوں کے کردار کے حوالے سے نمائندہ اجتماع اور خواتین کے احساسات و جذبات کی ترجمان ثابت ہوگی۔ پوری دنیا میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے باتیں بہت ہوتی ہیں لیکن المیہ یہ ہے کہ خواتین کو اب تک حقوق نہیں دیئے گئے ۔