سندھ سے تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں خرم شیر زمان نے کہا کہ اس صوبے کے ہسپتالوں میں مریضوں سے 15 لاکھ روپے لے کر ہسپتالوں میں داخل کیا جا رہا ہے، سندھ کے حالات دن بہ دن خراب ہو رہے ہیں وفاق کو چاہیے کہ اسے ٹیک اوور کرے۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ کے ہر سرکاری ہسپتال میں کورونا کا ٹیسٹ بھی نہیں ہو رہا سندھ کے عوام کورونا ٹیسٹ کے لیے دھکے کھا رہے ہیں۔ اس پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر عمران شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت ملک کی کرپٹ ترین حکومت ہے ڈاکٹر حفاظتی سامان کے بغیر کورونا کے مریضوں کا علاج کرر ہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے سول ہسپتال میں بھی سہولیات نہیں ہیں ڈاکٹر اپنے استعمال کے لیے ماسک بھی خود خرید کر لاتے ہیں۔ ڈاکٹر سیما ضیا نے کہا کہ سندھ حکومت اور انتظامیہ میں سب ان کے رشتہ دار بھرتی ہیں سندھ نے نکموں کی فوج بھرتی کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا سندھ حکومت کے پاس کورونا کے مریضوں کے لیے ایک بھی ایمبولینس یا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا نظام موجود نہیں۔ ڈاکٹر سیما ضیا نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت صوبے کے مریضوں کا ڈیٹا پبلک کرے اور ایک ویب سائٹ بنائے۔