تفصیلات کے مطابق 80ویں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سعودی عرب اور فرانس کی سربراہی میں مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے سربراہی کانفرنس آج ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف آج سے 26 ستمبر تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہبازشریف اپنے وفد کے ہمراہ آج نیویارک پہنچ رہے ہیں، وزیراعظم کی اجلاس کے دوران اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی ہوں گی، اس اجلاس کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی صدرٹرمپ کی ملاقات کا بھی امکان ہے، امریکا میں قیام کے دوران وزیر اعظم دیگر اہم اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
اقوام متحدہ میں جنرل ڈیبیٹ 23 ستمبر سے شروع ہوگی، اور توقع ہے کہ وزیراعظم شہباز 26 ستمبر (جمعہ) کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم خاص طور پر عالمی برادری کی توجہ غزہ میں سنگین بحران کی طرف مبذول کرائیں گے اور فلسطینیوں کی تکالیف کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ کریں گے۔ وہ علاقائی سلامتی کی صورتحال، دہشت گردی، اسلاموفوبیا، اور پائیدار ترقی سمیت دیگر بین الاقوامی اہمیت کے مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کو بھی اجاگر کریں گے۔