بلدیاتی اداروں کو مالی،انتظامی اختیارات دیکر بنیادی مسائل کے حل کی طرف پیش رفت کی جائےامیر جماعت اسلامی سندھ کی زیر قیادت وفد کی صوبائی چیف الیکشن کمشنر جاوید آفریدی سے ملاقات کراچی : جماعت اسلامی سندھ کے وفد نے صوبائی امیر محمد حسین محنتی کی قیادت میں بدھ کو چیف الیکشن کمشنر سندھ محمد جاوید خان آفریدی سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ وفد نے الیکشن کمشنر کی سندھ میں درست ووٹر لسٹوں کی تیاری، زمینی حقائق و عدل و انصاف پر مبنی حلقہ بندی سمیت دیگر بلدیاتی مسائل پر توجہ مبذول کرائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ کراچی کے ناظم انتخاب راجہ عارف سلطان، حیدرآباد کے امیر انجینئر طاہر مجید اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی وفد میں شامل تھے۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ صوبہ سندھ کی تعمیر و ترقی اور عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے بلدیاتی ادارے بڑی اہمیت رکھتے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی اختیارات دے کر بنیادی مسائل کے حل کی طرف پیش رفت کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے سیاست کو عبادت سمجھ کر ملک و قوم کی خدمت کی ہے ، سابق میئر عبدالستار افغانی، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان سے لے کر دو مرتبہ سینئر وزیر کے پی کے رہنے والے موجودہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کردار پوری قوم کے سامنے ہے جنہوں نے ہمیشہ اپنی ذات کو پیچھے رکھ کر قومی مفاد اور خدمت، دیانت و امانت کے نعرے کے تحت اپنے فرائض بحسن و خوبی سر انجام دیئے ہیں۔ جماعت اسلامی کے وفد نے سندھ میں بروقت، شفاف و غیر جانبدار بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ الیکشن کمشنرسندھ نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیر مقدم کیا اور تعاون کا یقین دلایا۔