تمام جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے ،افسر فیلڈ میں جائیں اور معیار چیک کریں، ترقیاتی فنڈز واپس ہونے کی صورت میں متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا:ڈپٹی کمشنرکی اجلاس میں وارننگ ملتان : ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے حکم دیا ہے کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو 30 جون تک مکمل کیا جائے ، انہوں نے افسروں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی فنڈز واپس ہونے کی صورت میں متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا،افسر فیلڈ میں منصوبوں کے معیار اور کام کی رفتار کو چیک کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارکنسٹرکشن انڈسٹری کو لاک ڈاون سے استثنیٰ ملنے کے بعد ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے فیصلہ بارے قومی تعمیر کے تمام محکموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں بارے جائزہ اجلاس میں منصوبوں پر کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ۔پل موج دریا سے نواں شہر چوک کے درمیان سڑک کو کشادہ کرنے کے لئے ایم ڈی اے میں ایل اے سی تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ سڑک کو کشادہ کرنے کے لئے دونوں اطراف سے دس دس فٹ جگہ حاصل کی جائے گی اور پل موج دریا سے نواں شہر چوک تک سڑک 40 فٹ سے بڑھا کر 60فٹ کر دی جائے گی ۔ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر نہ کر نے کی ہدایت بھی کی ۔انہوں نے کہا ہے کہ جن منصوبوں کے لئے فنڈز جاری ہو چکے ہیں ان کے ٹینڈر جاری کئے جائیں،جاری ترقیاتی منصوبوں کو 30 جون تک مکمل کیا جائے ،افسر ٹھیکیداروں کو کی جانے والی ادائیگیوں میں بلا جواز رکاوٹ نہ ڈالیں،عامر خٹک نے کہا کہ جن ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کا اجراء نہیں ہوا اس بارے سیکرٹری خزانہ کو خط لکھا جائے ، سرکٹ ہاوس میں منعقدہ اس اجلاس میں صحت، تعلیم،واسا،ایم ڈی اے ، بلڈنگ،پبلک ہیلتھ انجنئیرنگ اور چیف آفیسرز نے شرکت کی