پاکستان کیلئے سیمی فائنل تک رسائی کا راستہ مزید صاف ہوگیا، اب صرف انگلینڈ کا چیلنج درپیش ہے لارڈز (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔2جولائی 2019ء) بھارت کے ہاتھوں بنگلہ دیش کی شکست کے بعد پاکستان کیلئے اچھی خبر، پاکستان کیلئے سیمی فائنل تک رسائی کا راستہ مزید صاف ہوگیا، اب صرف انگلینڈ کا چیلنج درپیش ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت نے ورلڈکپ کے سلسلے میں اہم ترین میچ میںبنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا ہے۔ جبکہ بھارت نے اس فتح کے ساتھ سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔آسٹریلیا کے بعد بھارت سیمی فائنل تک پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ بنگلہ دیش کی بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد اب پاکستان کیلئے سیمی فائنل تک پہنچنے کا راستہ مزید صاف ہوگیا ہے۔ پاکستان کو اب انگلینڈ کا چیلنج درپیش ہے۔ کل نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے میچ کا نتیجہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کر دے گا۔ انگلینڈ کی شکست کی صورت میں ہی پاکستان بنگلہ دیش کیخلاف فتح حاصل کرکے سیمی فائنل تک پہنچ پائے گا۔تاہم اگر انگلینڈ کل کے میچ میں جیت گیا، تو اس صورت میں بنگلہ دیش کیخلاف فتح بھی پاکستان کے کسی کام کی نہیں رہے گی۔ انگلینڈ زیادہ پوائنٹس ہونے کی بدولت اور نیوزی لینڈ پاکستان سے بہتر رن ریٹ ہونے کی بدولت سیمی فائنل کیلئے کوالی فائی کر لیں گے۔ واضح رہے کہ ورلڈکپ کے سلسلے میں پاکستان اپنا آخری لیگ میچ بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کا میچ 5 جولائی بروز جمعہ کو لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراونڈ پر ہوگا۔پاکستان کے پاس اس میچ میں فتح حاصل کرنے کے علاوہ دوسری کوئی آپشن نہیں ہے۔ پاکستان کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف میچ کیلئے لندن پہنچ چکی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے بنگلہ دیش کیخلاف میچ کیلئے بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔ امکان ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ کیلئے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ زخمی ہو جانے والے فاسٹ باولر وہاب ریاض بھی بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں شرکت کریں گے۔