کراچی : بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکاری ہے۔ بنگلہ دیش سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش نے جنوری میں پاکستان میں دوٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا ہے ، ان کے کھلاڑی پاکستان میں لمبے عرصے کے لئے رہنا نہیں چاہتے۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق ان کی قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے پاکستان نہیں آئے گی۔بی سی بی کے سی ای او نظم الحسن چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم مسلسل پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطے میں ہیں۔ پی سی بی کا کہنا ہےکہ ہمیں ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کے بارے میں کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔ ہمارے پاس آئی سی سی کا منظورہ شدہ سیکیورٹی پلان ہے اس لئے بنگلہ دیش کے نہ آنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پر تو رضامند ہے لیکن ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔ آئی سی سی بنگلہ دیشی ٹیم کے دورہ پاکستان کے سکیورٹی پلان کو منظور کرچکی ہے۔ سری لنکا کی ٹیم پہلے محدود اوورز اور اب ٹیسٹ سیریز یہاں کھیل رہی ہے اور سکیورٹی کا کوئی خدشہ ظاہر نہیں کیا ہے، اس لیے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے یہ پوچھا جارہا ہے کہ آپ ٹیسٹ سیریز کیوں کھیلنا نہیں چاہتے؟ وسیم خان نے بھی کہا کہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس ٹیسٹ سیریز کسی دوسرے ملک میں کھیلنے کا کوئی آپشن اب موجود نہیں ہے۔ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم2022 میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں اسے دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے تھے لیکن اب یہ ٹیسٹ سیریز تین میچوں پر مشتمل ہو گی۔