ملزمان نے ایک شخص کو لُوٹنے کے بعد نہ صرف اُس کی رقم لوٹا دی تھی بلکہ اپنی جانب سے بھی پیسے دیئے تھے منامہ چوری اور ڈکیتی کرنے والے عموماً بڑے بے رحم ہوتے ہیں۔ وہ کوئی بھی واردات انجام دیتے وقت کبھی یہ نہیں سوچتے کہ جس شخص کو وہ لُوٹ رہے ہیں، اُس شخص کا کتنا بڑا نقصان ہوگا یا لُوٹا گیا سامان اُس نے کتنی محنت کے بعد خریدا ہو گا۔ اکثرڈاکو تو اپنی واردات کے وقت مزاحمت کرنے والے شخص کو گولی مارنے سے بھی باز نہیں آتے۔تاہم بحرین میں دو ایسے رحم دِل ڈاکو بھی سامنے آئے ہیں جنہیں ایک شخص کے ساتھ بھلائی کرنے کا صلہ اچھا نہیں مِلا۔ اُلٹا اس شخص نے اُنہیں پولیسکے ہاتھوں پکڑوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک نوجوان اور اُس کے کزن نے مِل کر فیصلہ کیا کہ وہ جلد سے جلد امیر ہونے کے لیے تارکین وطن سے لُوٹ مار کریں گے۔ اس مقصد کی خاطر وہ رات کو سڑک پر نکلے تو اُنہیں 25، 26 سال کا ایک شخص دکھائی دیا۔انہوں نے اُسے چاقوسے خوفزدہ کر کے کہا کہ اُس کے پاس جتنی بھی رقم ہے، اُن کے حوالے کر دے۔ تاہم نوجوان نے بڑی مشکل سے اپنی جیب سے 35 بحرینی دینار کی رقم نکال تو لی مگر اُن کی منت سماجت کرنے لگا کہ وہ اُس سے رقم نہ لُوٹیں، کیونکہ یہ اُس کے پاس موجود واحد پُونجی تھی، اگر وہ یہ رقم لے گئے تو وہ فاقوں کے ہاتھوں مر جائے گا۔ اُس کی بات سُن کر دونوں ڈاکوؤں کے دِل موم ہو گئے، اُنہوں نے نہ صرف اُس سے لُوٹی گئی 35 بحرینی دینار کی رقم واپس کر دی، بلکہ اپنے پاس موجود 5 بحرینی دینار بھی امداد کے طور پر اُسے تھما دیئے۔اپنی طرف سے دونوں ڈاکو نیکی کر کے مطمئن ہو گئے۔ مگر اس شخص نے بعد میں دونوں ڈاکوؤں کے بارے میں پولیس کو اطلاع دے دی۔ جس نے دونوں کو گرفتار کر کے استغاثہ کے حوالے کر دیا۔ جہاں اُن کے خلاف ڈکیتی کے الزام میں مقدمہ چلایا جائے گا۔