لندن: ٹوئٹر خریدنے والے کھرب پتی ایلون مسک نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ اگر ان کا عالمی پیغام رسانی کا پلیٹ فارم خریدکرنے کا معاہدہ کامیاب رہا تو وہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پرعاید ٹویٹر کی پابندی ختم کردیں گے۔ انھوں نے گزشتہ روزایک ورچوئل کانفرنس میں کہا کہ ’ میرے خیال میں سابق امریکی صدر پر پابندی لگانا درست نہیں تھا، میں اس پابندی کوواپس لے لوں گا لیکن میں ابھی تک ٹویٹر کا مالک نہیں بنا ہوں،لہٰذا یہ ایسی چیزنہیں ہے جو یقینی طور پرہوگی۔ خیال رہے کہ ٹوئٹر انتظامیہ نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والے فسادات کے بعدسابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 6جنوری 2021 میں پابندی عائد کردی تھی۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ اپریل کے اختتام پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر پر ان کا اکاؤنٹ بحال بھی کر دیا جاتا ہے تو بھی وہ واپس نہیں آئیں گے۔ گذشتہ ماہ ایلون مسک نے ٹوئٹرکو تقریباً 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کا معاہدہ کیا تھا، رپورٹس کے مطابق معاہدے کے بعد ایلون مسک ٹوئٹر کے واحد شیئر ہولڈر بن گئے ہیں۔ یہ دنیا بھر میں اب تک کی کسی بھی پرائیویٹ کمپنی کو خریدنے کا سب سے بڑا سودا ہے تاہم ابھی اس معاہدے پر عمل ہونا باقی ہے جس کے بعد ہی ٹوئٹر کا کنٹرول ایلون مسک کے پاس جائے گا۔ ایلون مسک نے کمپنی کی ملکیت کے سودے کا اعلان کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا تھاکہ آزادیِ اظہار ایک فعال جمہوریت کی بنیاد ہے اور ٹویٹر’ڈیجیٹل شہرکا چوک‘ہے جہاں انسانیت کے مستقبل کے لیے اہم معاملات پر بحث ہوتی ہے۔ یادرہے کہ ایلون مسک اب تک ٹوئٹرپر پابندیاں کم کرنے کا بڑے جوش وخروش سے اظہار کرچکے ہیں۔