دوبئی : ایشیا کپ کا چوتھا میچ آج دوبئی میں بھارت اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔ گزشتہ روز ایشیا کپ 2022 میں گروپ بی کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلہ دیش کو شکست دی ، افغانستان گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سپر فور میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے ۔ واضح رہے کہ بھارت اپنے پہلے گروپ میچ میں پاکستان کو شکست دے چکا ہے تاہم اپنے دوسرے میچ میں اگر اس نے ہانگ کانگ کو ہرادیا تو بھارتی ٹیم گروپ اے میں پہلی پوزیشن پر آجائے گی۔ دوسری جانب پہلے میچ میں شکست کے بعد اگر پاکستان ٹیم جمعے کو ہونے والے اپنے دوسرے میچ میں ہانگ کانگ کو شکست دے دیتی ہے تو وہ گروپ اے میں دوسرے نمبر پر آجائے گی۔ہانگ کانگ دنوں میچز میں شکست کی صورت میں گروپ میں آخری نمبر پر رہے گا۔ دونوں گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔ ایشیا کپ کے شیڈول کے مطابق سپر فور مرحلے میں گروپ اے کی پہلی اور دوسری ٹیم کا میچ 4 ستمبر بروز اتوار کو ہوگا۔