ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ 2022 کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت میں کل جوڑ پڑے گا۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق پاک بھارت ٹیمیں کل شام 7 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آج پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے، دوسری جانب دونوں ممالک کے شائقین بھی دوبارہ پاک بھارت ٹاکرے کے لیے کافی پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ قومی ٹیم روایتی حریف سے پہلی شکست کا بدلہ لینے کیلئے پُرعزم ہے، اس سے قبل میگا ایونٹ کے 28 اگست کو گروپ مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے مات دی تھی۔ کل کھیلنے جانے والے اہم میچ سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، آل راؤنڈر رویندرا جدیجا گھٹنے کی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا آغاز آج سری لنکا اور افغانستان کے میچ سے ہوگا۔ سپر فور مرحلے سے دوبہترین ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ ایونٹ کا فائنل 11 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سپر فور مرحلے کا فارمیٹ چھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے کے بعد، بہترین چار ٹیمیں سپر فور مرحلے میں پہنچ جاتی ہیں۔ عام سیمی فائنل مرحلے کے بجائے، دونوں گروپوں سے ترقی کرنے والی ٹیمیں دوسرے راؤنڈ رابن مرحلے میں ایک دوسرے سے کھیلیں گی۔ وہاں سے ٹورنامنٹ کے فائنل میں سرفہرست دو فریق آمنے سامنے ہوں گے۔ ابتدائی گروپ مرحلے کے پوائنٹس سپر فور مرحلے کے لیے نہیں ہوتے۔