پاکستان میں وائرس کی شدت دوسرے ممالک کے مقابلے میں اب بھی کم :یاسمین راشد لاہور: صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدنے پنجاب کے ایئرپورٹس پرکوروناوائرس سے بچاؤکیلئے مسافروں کی سکریننگ کے عمل کی مانیٹرنگ مزیدسخت کرنے کاحکم دے دیا۔ صوبائی وزیرنے یہ حکم ایوان وزیراعلٰی میں کیبنٹ کمیٹی برائے روک تھام کوروناوائرس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیا۔اس حوالے سے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صوبے کی عوام کوکوروناوائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ترحفاظتی انتظامات کویقینی بنایا جا رہاہے۔دریں اثنا صوبائی وزیرنے نجی میڈیکل کالج کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ ان کاکہنا تھا کہ ڈاکٹری کو بہترین اور مقدس پیشوں میں سے ایک پیشہ سمجھاجاتا ہے۔ادھر یاسمین راشد نے عوام سے کہا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ،کیونکہ پاکستان میں کورونا وائرس کی شدت دوسرے ممالک کے مقابلے میں اب بھی کم ہے ،تاہم احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانا ہوگا۔