سندھ بورڈ آف ریونیو نے انٹرنیٹاور براڈبینڈ سروسز پر سیلز ٹیکس عائد کردیا ہے۔ اس ٹیکس کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔ ایس بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انٹرنیٹ اور براڈبینڈ سروس پر 19.5 فیصد کی شرح سے سیلز ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ سیلز ٹیکس سروس ایکٹ انٹرنیٹ اور براڈبینڈ پر سیلز ٹیکس وصول کرنے کا اختیار فراہم کرتا ہے۔ایس بی آر کے مطابق 2011 سے ان خدمات پر سیلز ٹیکس وصول نہیں کیا جارہا تھا، مالی سال 2013 اور 2016 میں انٹرنیٹ اور براڈبینڈ پر سیلز ٹیکس کو جزوی استثنیٰ فراہم کیا گیا تھا اور اب اسے رواں مالی سال میں ختم کردیا گیا ہے۔ ایس بی آر کے مطابق جولائی کے مہینے سے انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ خدمات پر 19اعشاریہ5 فیصد سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے محکمہ ایکسائزسندھ کو ٹیکس کی وصولی کیلئے خط لکھا ہے جس کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس لگنے کے بعد موٹر سائیکل کی رجسٹریشن میں 17 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔خط میں وفاقی حکومت کی جناب سے کہا گیا ہے کہ اِس وقت موٹر سائیکل کی رجسٹریشن فیس 3 ہزار 400 روپے ہے اور اب ودہولڈنگ ٹیکس لگنے کے بعد موٹر سائیکل کی رجسٹریشن فیس 3ہزار 400روپے سے بڑھ کر 20 ہزار 900 روپے ہو جائے گی۔ خط کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کے بعد رکشے کی رجسٹریشن میں 7 ہزار روپے کا اضافہ کیا جائے گا اور رکشے کی رجسٹریشن جو کہ 3 ہزار 100 روپے ہے وہ 3ہزار 700روپے سے بڑھ کر 10 ہزار 750 روپے ہو جائے گی۔ خیال رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کراچی کیلئے جائیداد کی نئی قیمت کا تعین بھی کرلیا ہے جس کے تحت جائیدادوں کی قیمت میں 66 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔