غفلت یا عدم توجہی پر سخت محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائیگا،ایوب بخاری فیصل آباد: اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز/سٹی سید ایوب بخاری نے انچارج اراضی ریکارڈ سنٹر تحصیل سٹی کو انتقال اراضی کی زیر التوا درخواستیں دو یوم میں سو فیصد نمٹانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ غفلت یا عدم توجہی پر سخت محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے سنٹر کے معائنے کے موقع پر سنٹر کی کارکردگی اور سائلین کو تیز رفتار محکمانہ ریلیف کے امور کو چیک کیا اور کہا کہ اراضی ریکارڈ انٹرز کو عوامی توقعات سے بڑھ کر کام کرنا ہوگا تاکہ ان کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو۔انہوں نے افسروں وسٹاف کی حاضری چیک کی ۔ انہوں نے سنٹر میں صفائی کے معیار کو قائم رکھنے کی تاکید کی اور سنٹر میں موجود درخواست گزاروں سے ملاقات کرکے ان سے کارکردگی اور افسروں وسٹاف کے روئیے کے بارے میں دریافت کیااورسنٹر انتظامیہ کو ضروری ہدایت جاری کیں۔دریں اثنا اسسٹنٹ کمشنر نے ایم سی ہائر سیکنڈری سکول کوتوالی روڈ پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام میٹرک کے امتحانی مراکز کا بھی دورہ کیا اور طلبا کیلئے دستیاب ضروری سہولیات اور سنٹرز کے باہر انتظامی وحفاظتی اقدامات کو بھی تفصیلی چیک کیا۔