نوواکیئر کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ مختلف میڈیا رپورٹس اور سوشل میڈیا پوسٹس میں کمپنی کے منصوبے اور اس کی وابستگیوں کو غلط انداز میں پیش کیا گیا جنہیں درست سیاق و سباق میں سمجھنے کی ضرورت ہے
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ امپیریل کالج لندن کے ساتھ نہیں بلکہ امپیریل کالج ہیلت کیئر این ایچ ایس ٹرسٹ (Imperial College Healthcare NHS Trust) کے اشتراک سے ہے جو برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس (NHS) کے تحت کام کرنے والا ادارہ ہے۔
یہ وابستگی انٹرنیشنل افیلیئیٹ نیٹ ورک کے تحت ہے جس میں این ایچ ایس ٹرسٹ مختلف ممالک میں صحت کے شعبے میں ابھرتی تنظیموں کے ساتھ مل کر اعلیٰ معیار کی طبی خدمات اور کلینیکل اسٹینڈرڈز کے قیام میں مدد کرتا ہے۔
نوواکیئر نے واضح کیا کہ این ایچ ایس ٹرسٹ اور امپیریل کالج لندن دو الگ ادارے ہیں، پہلا ایک طبی اور اسپتالوں کا نظام ہے جبکہ دوسرا ایک تعلیمی ادارہ ہے۔
اگرچہ دونوں ادارے کئی منصوبوں میں تعاون کرتے ہیں، تاہم امپیریل کالج لندن کا انٹرنیشنل افیلیئیٹ نیٹ ورک سے کوئی تعلق نہیں، اسی لیے اس نے پاکستان میں کیمپس کھولنے سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔
نوواکیئرکے مطابق لاہور کے سی بی ڈی این ایس آئی ٹی میں ان کا منصوبہ ایک اکیڈمک میڈیکل سینٹر کے قیام سے متعلق ہے جو علاج، تعلیم، تحقیق اور اختراع کو یکجا کرے گا۔
یہ منصوبہ نوواکیئرکے اسلام آباد میں زیر تکمیل 250 بستروں کے جدید اسپتال کے بعد دوسرا بڑا منصوبہ ہے، جو 2026 کی آخری سہ ماہی میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور کا منصوبہ بھی اسلام آباد کے منصوبے کی طرح اعلیٰ معیار، ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی شراکت داریوں کی بنیاد پر تیار کیا جا رہا ہے اور نوواکیئر پاکستان بھر میں ایک جدید ہیلتھ کیئر نیٹ ورک قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یاد رہےکہ پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا تھا کہ امپیریل کالج لندن، حکومت پنجاب کے منصوبے نواز شریف آئی ٹی سٹی لاہور میں اپنا کیمپس قائم کرے گا جس کے بعد امپیریل کالج لندن نے اس بات کی تردید کی اس کا لاہور میں کوئی کیمپس قائم کرنے کا منصوبہ نہیں۔
22 اکتوبر کو امپیریل کالج کی وضاحت کے بعد سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (CBD) جہاں نواز شریف آئی ٹی سٹی واقع ہے نے بھی ایک وضاحتی بیان جاری کیا۔
اس بیان میں کہا گیا کہ ہیلتھ کیئر یونیورسٹی اور اس سے منسلک کالج دراصل نوواکیئر (NovaCare) اور امپیریل کالج ہیلتھ کیئر ٹرسٹ (Imperial College Healthcare Trust) برطانیہ کے باہمی اشتراک سے قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ یہ ٹرسٹ نیشنل ہیلتھ سروس (NHS) کے تحت ایک خودمختار ادارہ ہے۔