لاہور : الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے الزام پر پی ٹی آئی کے رہنماء فوادچودھری کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما فوادچودھری کا کینٹ کچہری سے راہداری ریمانڈ منظور ہوگیا۔ عدالت نے فواد کا میڈیکل کروانے کے بعد اسلام آباد لے جانے کی اجازت دے دی۔ پی ٹی آئی رہنماء کے خلاف سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی درخواست پر تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہوا۔ پولیس نے فواد چودھری کو رات گئے رہائش گاہ سے حراست میں لیا۔ عدالت پیشی کے موقع پر وکلاء نے فواد چودھری کو ہتھکڑی لگانے پر اعتراض کیا۔ فواد چودھری کی گرفتاری لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی۔ درخواست سماعت کیلئے مقرر ہوگئی۔ فواد چودھری پر الیکشن کمیشن، ممبران اور انکے خاندانوں کو دھمکیوں کی ایف آئی آر درج کی گئی فواد چودھری پر الیکشن کمیشن، ان کے ممبران اور ان کے خاندانوں کو دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے، مقدمے کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق فواد چودھری نے ریاست میں انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ اس حوالے سے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی حیثیت ایک منشی کی ہوگئی ہے، جو لوگ نگران حکومت میں لگ رہے ہیں ان کا سزا ہونے تک پیچھا کریں گے۔