مشتبہ مریضوں کے لاہور یا اسلام آباد کے بجائے فیصل آباد میں ٹیسٹ ہونگے ، رپورٹ 8 گھنٹے بعد ملے گی ،روزانہ 200 ٹیسٹ ہوسکیں گے :وی سی ڈاکٹرظفر فیصل آباد: کورونا کے ٹیسٹ کیلئے الائیڈ ہسپتال میں لیبارٹری کا افتتاح ، کورونا کے مشتبہ مریضوں کے لاہور یا اسلام آباد کے بجائے فیصل آباد میں ٹیسٹ ہونگے ، رپورٹ 8 گھنٹے بعد ملے گی ، روزانہ 200 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ ہوسکیں گے ، محکمہ صحت کو کئی روز تک متاثرہ مریضوں کی رپورٹ کا انتظار کرنے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں کورونا کے ٹیسٹ کے لئے الائیڈ ہسپتال میں لیبارٹری کا افتتاح کردیا گیا ، بائیو سیفٹی لیب تھری کا افتتاح وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر اقبال چودھری نے کیا ۔الائیڈ ہسپتال کے ایم ایس اور اے ایم ایس بھی ہمراہ تھے ، لیبارٹری میں کورونا کے ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر کئے جائینگے ۔ وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ظفر اقبال چودھری کا کہنا تھا پنجاب بھر میں 8 لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں۔ بائیو سیفٹی لیب 3 دیگر لیبارٹریوں سے مختلف اور حساس ہوتی ہے ۔ ایک مشین 250 ٹیسٹ کر سکتی ہے ، ان کا کہنا تھا پورے ڈویژن سے سیمپلنگ کا کام شروع کر رہے ہیں اس کے علاوہ پلازما ٹیکنیک پر بھی ہم تحقیق کر رہے ہیں۔بائیو سیفٹی لیب میں کورونا کے علاوہ دیگر حساس ٹیسٹ بھی کئے جائینگے ۔ لیبارٹری کے سٹاف کو باقاعدہ داخلے کے لئے حفاظتی سامان اور اقدامات یقینی بنائے ہیں۔ کورونا وائرس کے حوالے سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست ہے ۔وی سی فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے مطابق کورونا مریضوں کے ٹیسٹ لاہور اور اسلام بھجوائے جانے کی وجہ سے رپورٹس تاخیر کا شکار ہو جاتی تھیں۔ فیصل آباد لیبارٹری کے فنگشنل ہونے سے مریض کی رپورٹ آٹھ گھنٹے میں موصول ہو جائے گی۔ لیبارٹری فنگشنل ہونے سے مریضوں کا رش نہیں پڑے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں لیبارٹری میں ٹیسٹوں کی تعداد 500 تک بڑھائی جائیگی۔