تازہ ترین

اسرائیلی فضائی حملوں میں تیزی، جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 35 تک جا پہنچی

اسرائیلی-فضائی-حملوں-میں-تیزی،-جاں-بحق-فلسطینیوں-کی-تعداد-35-تک-جا-پہنچی

غزہ: اسرائیل اور حماس کے درمیان محاذ آرائی نے شدت اختیار کرلی، اسرائیلی فضائی حملوں نے غزہ میں 13 منزلہ بلند رہائشی عمارت تباہ کردی جبکہ حماس نے اسرائیل کی جانب سیکڑوں راکٹس برسائے۔ قطری خبررساں ادارے الجزیرہ کی رپورٹ میں غزہ کے صحت حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ پیر کی رات سے اسرائیل کے فضائی حملوں کے نتیجے میں اب 10 بچوں سمیت 35 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب کم از کم 3 اسرائیلی شہری بھی ہلاک ہوئے جبکہ 10 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ غزہ میں ایک 13 منزلہ رہائشی عمارت میں حماس کا سویلین دفتر تھا جو اسرائیل کے درجنوں فضائی حملوں میں سے ایک حملے کے بعد زمین بوس ہوگئی جبکہ اسرائیل میں غزہ سے 70 کلومیٹر دور تک سائرن اور دھماکوں کی آوازیں آئیں۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں اس کے حملوں میں جاں بحق ہونے والے افراد میں 16 عسکریت پسند ہیں۔ شہریوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حکام نے غزہ میں حماس اور عسکریت پسندوں کے خلاف فضائی حملوں کی تعداد اور طاقت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب مصر کے حکام نے کہا کہ وہ جنگ بندی کے لیے بات چیت کی کوشش کررہے ہیں لیکن تشدد کا دائرہ رفتار پکڑ رہا ہے۔ اپنے شہریوں کی ہلاکت سے پہلے ہی اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ کی سرحد پر مزید دستے بھجوا رہے ہیں جبکہ وزیر دفاع نے 5 ہزار ریزور فوجیوں کو متحرک کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ راکٹس اور فضائی حملوں کا یہ سلسلہ مسجد الاقصیٰ کمپاؤنڈ میں اسرائیلی فورسز کے دھاوا بولنے کے باعث کشیدہ صورتحال کے بعد شروع ہوا۔ دوسری جانب کشیدگی میں اضافے کے بعد اسرائیل میں رہائش پذیر ہزاروں عرب کمیونٹیز نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی سیکیورٹۓی فورسز کی فلسطینیوں کے خلاف کارروائیوں کی مذمت کی۔ یہ حالیہ برسوں میں فلسطینی شہریوں کی جانب سے اسرائیل میں کیے گئے بڑے مظاہروں میں سے ایک تھا۔ خیال رہے کہ سال 2007 میں غزہ کا کنٹرول حماس کے پاس آجانے کے بعد سے اب تک حماس اور اسرائیل تین جنگیں لڑ چکے ہیں، حالیہ جھڑپیں قطر، مصر اور دیگر کی ثالثی کی مدد سے چند روز کے بعد ختم ہوجاتی تھیں۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں